10 اکتوبر 2016 - 12:00
لشکر جھنگوی کا ایک اہم سرغنہ ہلاک

افغان طالبان نے دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی کے ایک اہم سرغنہ کے افغانستان میں مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ لشکر جھنگوی کا سرکردہ کمانڈر قاری اجمل صوبہ پکتیکا میں افغان فوج کی کارروائی میں ہلاک ہو گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق قاری اجمل صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاھور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ اس سے قبل پاکستان کی انسداد دہشت گردی پولیس نے رواں سال اگست میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث تین دیگر ملزمان کو ایک مقابلے کے دوران موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

کہا جا رہا ہے کہ قاری اجمل دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی پنجاب کا کمانڈر تھا اور پاکستانی طالبان کے گروہ ٹی ٹی پی سے بھی اس کا گہرا تعلق تھا۔ وہ کافی عرصے سے افغانستان میں روپوش تھا۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ تین مارچ دو ہزار نو کو لاھور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چھے پولیس اہلکار ہلاک اور ٹیم کے کوچ سمیت آٹھ کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169